اسلام آباد : رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، جس میں چاند کی رویت کا اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 28 فروری کو پشاور میں طلب ہوگا ، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد صدارت کریں گے۔
اجلاس جمعہ کو اوقاف بلڈنگ عیدگاہ چارسدہ روڈ پر شام ساڑھے 6 منعقد ہوگا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیاں اپنے متعلقہ مقامات پر اجلاس کریں گی۔
حکومت نے ملک بھر ایک ساتھ رمضان اور عید منعقدکرنی ہے، جس کے لیے اجلاس پشاور میں بلایا گیا ہے، اجلاس میں چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے رمضان المبارک کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں چاند 28 فروری کو نظر آنے کا امکان کم ہے۔
ترجمان سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے جب کہ سعودی عرب میں 28 فروری کو چاند نظر آسکتا ہے، یکم مارچ کو پہلا روزہ ہوگا۔