راولپنڈی : آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 6 سال مکمل ہونے پر عسکری قیادت نے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے چھ سال مکمل ہونے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے خصوصی پیغام میں مسلح افواج کی جرأت ، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کوبھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ستائیس فروری دوہزارانیس کاآپریشن سوئفٹ ریٹارٹ، بھارت کی بلاجواز جارحیت کا ایک منظم اور نپا تلا ردعمل تھا۔
ترجمان کے مطابق عسکری قیادت نے کہا کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے ذریعے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلئے غیرمتزلزل عزم کااعادہ کیا گیا۔
عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ اس آپریشن نے نہ صرف پاکستان کی مسلح افواج کی آپریشنل مہارت اور تیاری کا مظاہرہ کیا، بلکہ مکمل آپریشنل کنٹرول سے جارحیت کو مؤثر طریقے سے روکنے اور دوبارہ فوری ڈیٹرنس قائم کرنے کی صلاحیت کوبھی اجاگر کیا۔
مسلح افواج کی قیادت نے علاقائی امن کے فروغ کی کوششیں جاری رکھتے ہوئے قومی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے پختہ عزم کابھی اعادہ کیا۔
عسکری قیادت نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، مسلح افواج عوام کے اعتماد پر پورااترنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، مسلح افواج علاقائی اور عالمی امن کےفروغ کے اقدامات میں فعال کردار ادا کرتی رہیں گی۔