حماس کی القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اسرائیل کے حوالے کیے جانے والے اسرائیلی یرغمالیوں کی شناخت ظاہر کردی ہے۔
عرب خبر رساں ا دارے کی رپورٹ کے مطابق القسام بریگیڈز کے ترجمان نے بتایا کہ بدھ کی رات چار ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ لاشیں اتساحی عیدان، ایتسیک الجریط، اوھاد یہلومی اور شلومو منصور نامی یرغمالیوں کی ہے۔
اس سے قبل ٹائمز آف اسرائیل نے ایک گمنام اسرائیلی اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینی گروپ حماس کو تین آپشن دیے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے حماس کو تین آپشن دیے گئے ہیں، جن میں سے پہلا یہ ہے کہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کو توسیع دے کر غزہ میں یرغمال اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ جاری رکھیں۔
دوسرا آپشن یہ ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھیں، جس میں حماس کے تمام باقی ماندہ یرغمالیوں کو رہا کرے گا اور بدلے میں اسرائیل جنگ کا خاتمہ کر دے گا، ساتھ ہی حماس غیر مسلح ہوگی، اس کے رہنما جلاوطن ہوں گے، اور یہ تنظیم غزہ پر شہری کنٹرول چھوڑ دے گی۔
تیسرا آپشن یہ ہے کہ جنگ بندی ختم کریں اور بھرپور جنگ کی طرف واپس جائیں۔
اسرائیل کے جنوبی دمشق میں فوجی ٹھکانوں پر فضائی حملے
اسرائیلی اہلکار نے تیسرے آپشن کے حوالے سے کہا کہ ”لیکن اس بار یہ بالکل مختلف ہوگی، کیوں کہ ایک نئے وزیر دفاع، ایک نئے چیف آف اسٹاف، اور ہمیں درکار تمام ہتھیاروں کے ساتھ اس بار جنگ مکمل قانونی حیثیت کے ساتھ اور ٹرمپ انتظامیہ کی سو فی صد حمایت کے ساتھ ہوگی۔”انھوں نے کہا جیسا کہ کہا جاتا ہے جہنم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔“