اسرائیل کے فلسطینیوں پر دہائیوں سے مظالم جاری ہیں غاصب صہیونی ریاست کا خاتمہ کب ہوگا اس حوالے سے حماس بانی کی پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔
اسرائیل کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ناجائز ریاست قرار دیا تھا۔ یہ غاصب صہیونی ریاست اپنے قیام سے مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھائے ہوئے ہے۔ کئی تنظیمیں اس کا مقابلہ کرتی آئی ہیں، ان میں حماس قابل ذکر ہے۔
فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کرنے والی مزاحمتی تنظیم حماس کے بانی شیخ احمد یاسین شہید کا ایک پرانا ویڈیو دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اسرائیل کے خاتمے سے متعلق پیشگوئی کی تھی۔
شیخ احمد یاسین نے آج سے لگ بھگ 25 سال قبل 1999 میں عرب کے ایک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے پیشگوئی کی تھی کہ 21 ویں صدی کے پہلے 25 سالوں میں اسرائیل کا وجود ختم ہو جائے گا، اور سال 2027 میں اسرائیل نہیں رہے گا۔
حماس کے شہید بانی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی بنیاد ظلم پر ہے، اور ظلم پر قائم کوئی چیز ہمیشہ نہیں رہتی۔ دنیا میں کوئی طاقت ہمیشہ نہیں رہتی، جیسے انسان بچپن، جوانی اور بڑھاپے کے مراحل سے گزرتا ہے، اسی طرح ممالک بھی ختم ہو جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ شیخ احمد یاسین نے 1987 میں حماس کی بنیاد رکھی تھی۔ 1982 اور 1991 میں اسرائیل نے انہیں قید میں رکھا، لیکن بعد میں قیدیوں کے تبادلے میں رہا کر دیا گیا۔ 22 مارچ 2004 کو اسرائیل نے غزہ میں فضائی حملہ کر کے اس وقت شہید کر دیا جب وہ نمازِ فجر ادا کر رہے تھے۔