کراچی : ماہرین فلکیات کی جانب سے رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی کردی ، جس میں بتایا کہ پہلا روزہ یکم مارچ کو ہو گا یا 2 کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھرمیں رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریاں عروج پر ہیں ، وہیں پاکستانی بھی رمضان کی تیاری میں مصروف ہیں۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں ہوگا ، جس میں چاند کے نظر آنے یا نہ آنے کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔
ماہرین فلکیات نے رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی کرتے کہا نیا چاند 28 فروری کو صبح پانچ بجکر پینتالیس منٹ پر پیدا ہوگا اور غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر بارہ گھنٹے ہوگی تو کل چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔
ماہرین فلکیات کا کہنا تھا کہ ملک میں رمضان المبارک 2 مارچ 2025 سے شروع ہوگا تاہم ،رمضان کے چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
سعودی عرب میں 28 فروری کو چاند نظر آنے کا امکان ہے اور شوال کا چاند ملک بھر میں 30 مارچ کو نظر آنے کاامکان ہے۔
خیال رہے اسلامی مہینوں کا آغاز چاند نظر آنے سے مشروط ہوتا ہے تاہم ماہر فلکیات اس حوالے سے کئی ماہ قبل پیشگوئی کر دیتے ہیں کہ کب کون سا اسلامی مہینہ شروع ہو گا۔
واضح رہے رمضان المبارک قمری سال کا نواں مہینہ ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس ہے۔ اس ماہ مبارک میں اہل اسلام نماز فجر کا وقت شروع ہونے سے نماز مغرب تک اللہ کی رضا کے لیے بھوکا پیاسا رہ کر روزہ رکھتے ہیں اور عید اللہ تعالیٰ کی جانب سے اپنے ان ہی روزہ دار بندوں کے لیے ایک انعام ہے۔