رمضان المبارک کا آغاز ہونے کو ہے اس ماہ مقدس میں زائرین عمرہ کی آمد بڑھ جاتی ہے حرمین شریفین آنے والوں کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق رمضان المبارک میں زائرین کی کثیر تعداد کی آمد کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ امور حرمین نے اس ماہ مقدس میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے ان پر سختی سے عملدرآمد کرنے کو کہا ہے۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ ماہ مبارک کے دوران آنے والے زائرین کو چاہیے کہ وہ حرمین کے تقدس اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
مسجد الحرام یا مسجد نبوی ﷺ سے باہر نکلتے وقت زائرین مخصوص راستوں کا انتخاب کریں۔ اس کے علاوہ راہ داریوں پر نہ بیٹھیں کیونکہ اس سے دوسروں کو شدید دشواری ہوتی ہے، جو کسی مشکل صورتحال کا باعث بن سکتا ہے۔
حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے ضوابط کا مقصد زائرین کے لیے سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے جس کے لیے ان پرعمل کرنا انتہائی ضروری ہے۔
ادارے کی جانب سے حرمین شریفین میں زائرین کی رہنمائی کے لیے رضاکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈیجیٹل اسکرینز پر اژدھام کے حوالے سے بھی جامع اور بروقت معلومات فراہم کی جائے گی۔