بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

برطانوی پارلیمنٹ میں بھارت و پاکستان کشیدگی پر تشویش، انڈس واٹر ٹریٹی کے تحفظ پر زور

اشتہار

حیرت انگیز

گریٹر مانچسٹر کے علاقے بری سے رکنِ پارلیمنٹ جیمز فرتھ نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ان کے حلقے میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جن کے خاندان  آزاد کشمیر، میرپور، کوٹلی،  اور گجرات میں آباد ہیں، اور اس ممکنہ تنازع کے دوبارہ شدت اختیار کرنے کے خدشے نے کمیونٹی میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔

انہوں نے برطانوی حکومت کی طرف سے جنگ بندی کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ برطانیہ اپنے تاریخی کردار کو مدِنظر رکھتے ہوئے خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے۔ بالخصوص انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پانی تک رسائی کے مسئلے کو سیاسی ہتھیار نہ بنایا جائے اور انڈس واٹر ٹریٹی جیسے معاہدوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

اس پر وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمے نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس معاملے کی سنگینی کا مکمل ادراک ہے، کیونکہ برطانیہ میں رہنے والے تین ملین سے زائد افراد کا تعلق بھارت اور پاکستان سے ہے۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ انہوں نے بحران کے آغاز سے اب تک بھارتی اور پاکستانی ہم منصبوں سے چار مرتبہ گفتگو کی ہے، اور وہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر کلیدی ممالک سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ دونوں ممالک پر زور دیتا ہے کہ وہ سفارتی تعاون کے موجودہ معاہدوں، خصوصاً انڈس واٹر ٹریٹی، پر عملدرآمد جاری رکھیں اور اس کو کسی بھی تنازع میں استعمال نہ کیا جائے۔

اہم ترین

زاہد نور
زاہد نور
زاہد نور اے آر وائے نیوز کے ساتھ مانچسٹر سے بطور نمائندہ خصوصی منسلک ہیں

مزید خبریں