The news is by your side.

Advertisement

مزے دار اور اعلیٰ کوالٹی زنگر کم قیمت میں فروخت کرنے والی باہمت خاتون

کراچی : گرومندر پر انتہائی کم قیمت میں مرے دار اور معیاری زنگر برگر فروخت کرنے والی خاتون نے عزم و ہمت کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔

ہر عمر کے افراد ہی زنگر برگر کھانا پسند کرتے ہیں لیکن متوسط طبقے کے افراد مہنگے ہوٹلوں اور ریسٹورانٹس سے مہنگے زنگر برگر خریدنے میں کتراتے ہیں، کم آمدنی والے کی مشکلات دیکھتے ہوئے کراچی کی شریفہ اعجاز نامی خاتون نے گرومندر پر انتہائی کم قیمت میں معیاری زنگر برگر کی فروخت شروع کردی ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گرومندر پر شریفہ اعجاز نے سوزوکی پر برگر شاپ بنائی ہے جہاں مزیدار اور معیاری برگر صرف 100 روپے میں فروخت کیا جاتا ہے۔

شریفہ اعجاز نے سخت مشکلات اور پریشانی کے باجود ہمت نہیں ہاریں اور حالات کا مقابلہ کرتی رہی، ان کا ماننا ہے کہ محنت میں کوئی عار نہیں ہے۔

زنگر برگر فروخت کرنے والی خاتون نے بتایا کہ یہ کام میرے خاوند نے شروع کیا تھا لیکن لاک ڈاؤن کے دوران گھر کے حالات خراب ہوگئے ان کی بھی طبیعت خراب رہنے لگی جس کی وجہ سے میں نے برگر بیچنا شروع کردیا۔

انہوں نے بتایا پانچ ماہ کے دوران چار سے پانچ جگہیں بدل چکی ہوں کیوں کہ کہیں ضلعی انتظامیہ کو مسئلہ ہوتا ہے تو کہیں پولیس والے تنگ کرتے ہیں جب کہ کسی کسی جگہ پر دکانداروں کو پریشانی ہوتی ہے، اسی لیے ہمیں 10، 12 دن بعد ہٹا دیا جاتا ہے۔

شریفہ اعجاز کا ماننا ہے کہ ہر شخص مہنگا زنگر برگر نہیں خرید سکتا، اسی لیے انہوں نے سستا لیکن معیار زنگر برگر بنانا شروع کردیا۔

خریدار ان کے زنگر برگر کی ہی نہیں بلکہ ان کی ہمت کی بھی داد دیتے ہیں، خریداروں کا کہنا ہے کہ پرآشوب دور کے اندر یہ خاتون بہت محنت کررہی ہیں، ان کے بنائے ہوئے برگرز کا ذائقہ بہت بہترین ہے۔

خریداروں کا کہنا ہے کہ کم ریٹ میں بہت بہترین برگر فراہم کررہی ہیں۔

بچوں کا کہنا ہے کہ میری امی بہت جذبے سے کام کرتی ہیں اور ہمیں خوشی ہوتی ہے ہمیں خدا نے ایسی ماں دی ہے جو ہمارے لیے، ہماری تعلیم کےلیے، صبح اٹھتی ہے اور رات 2، 3 بجے محنت کرتی ہیں۔

Comments

یہ بھی پڑھیں