کراچی : نیو کراچی کے علاقے میں تیز رفتار بس کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق اور اُس کا دوسرا بھائی شدید زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوکراچی میں ایک تیز رفتار منی بس کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا ہے جب دوسرے بچے کو شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،جہاں زخمی بچے کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق تیز رفتار بس کا ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جب کہ متشعل راہگیروں نے ریس لگانے والی دو بسوں کو نظرِآتش کردیا۔
مقامی تھانے کی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مشتعل لوگوں کو منتشر کیا اور بس میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائربریگیڈ کی گاڑی کو طلب کرلیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور کو جلد ہی گرفتار کر لیں گے،بس کے مالک کا پتہ چلایا ہے ڈرائیور بھی جلد ہی قانون کی گرفت میں ہوگا اور ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔
ٹریفک پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ گودھرا کالونی کے قریب پیش آیا ہے،بس میں لگی آگ کو فائر بریگیڈ کا عملہ قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے جب کہ مشتعل افراد کے منتشر ہونے پرشاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔