The news is by your side.

Advertisement

راولپنڈی،پولیس کی شیلنگ سے 4 دن کا بچہ جاں بحق

راولپنڈی : لیاقت باغ کے علاقے میں چار دن کا بچہ آنسو شیلنگ کے باعث جاں بحق ہو گیا ہے،بچے کو سانس لینے میں تکلیف محسوس ہو رہی تھی۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت باغ کے مقامی اسپتال میں زیر علاج چار دن کا بچہ دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہوگیا ہے، جاں بحق ہونے والے بچے کو سانس لینے میں تکلیف کے باعث بے نظیر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

جاں بحق بچے کے معالج ڈاکٹر حافظ بلال نے بتایا کہ چار دن کے بچے کو شدید آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی اور بچے کی آنکھیں شیلنگ کے باعث سوج گئی تھیں بعد ازاں دم گُھٹنے کے باعث بچہ جانبر نہیں ہوسکا۔

واضح رہے کمیٹی چوک پر آج پولیس پورا دن آنسو گیس کی شیلنگ کرتی رہی ہے جس کے باعث اطراف کے رہائشی سخت اذیت میں مبتلا ہوگئے تھے،کئی راہگیروں اور رہائشی افراد کی آنسو گیس کے باعث حالت غیر ہو گئی تھی۔

آج عوامی مسلم لیگ کی جانب سے لال حویلی میں کے قریب جلسہ عام کا اعلان کا کیا گیا تھا جس سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے خطاب کرنا تھا۔

تا ہم پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرکے جلسہ نہیں کرنے دیا اور کمیٹی چوک میں جمع ہو نے والے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے پورا دن آنسو گیس کی شیلنگ کرتی رہی تھی۔

راولپنڈی میں آج پولیس اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان آنکھ مچولی کے باعث معمولات زندگی معطل رہی اور لوگوں کو روز مرہ کے کاموں کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں