تازہ ترین

اے نیر: ایک خوب صورت آواز جو تین برس پہلے ہم سے روٹھ گئی

شاید آپ کی سماعت میں یہ گیت ابھی تازہ ہوں، یا زندگی کی کم از کم چالیس بہاریں دیکھنے والوں کو تو ضرور یہ گیت اور گائیک یاد ہو گا۔

ایک بات کہوں دلدارا، تیرے عشق نے ہم کو مارا
مٹ نہ سکے گا میرے دل سے بینا تیرا نام۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اور یہ درد بھرا نغمہ بھی آپ کی سماعتوں میں تازہ ہو گا۔
میں تو جلا ایسا جیون بھر، کیا کوئی دیپ جلا ہو گا

یقینا، آپ کے ذہن کے پردے پر اپنے دور کے معروف پلے بیک سنگر اے نیر کی تصویر ابھری ہو گی۔ آج اس جادو بھری آواز کو ہم سے بچھڑے تین برس بیت گئے ہیں۔

ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی ہر عمر کے شائقینِ موسیقی میں پسند کیے جاتے ہیں۔ ان گیتوں کے خوب صورت بول، موسیقی اور اے نیر کی مدھر آواز نے 80 کی دہائی میں سبھی کو اپنا دیوانہ بنا رکھا تھا۔ اے نیر اس زمانے میں مقبول ترین گلوکاروں میں سے ایک تھے اور شہرت کی بلندیوں کو چھو رہے تھے۔ وہ ایک کام یاب پلے بیک سنگر کی حیثیت سے عرصے تک انڈسٹری میں مصروف رہے۔ ان کے گائے ہوئے تمام گیتوں کو لازوال شہرت ملی۔ اے نیر کو ملک میں اور سرحد پار بھی اپنی گائیکی کی وجہ سے بے حد مقبولیت ملی۔

ان کا اصل نام آرتھر نیر تھا۔ 1955 میں ساہیوال میں پیدا ہونے والے آرتھر نیر نے گلوکاری کے میدان میں اے نیر کے نام سے پہچان بنائی۔ ان کا بچپن پنجاب کے شہر عارف والا میں گزرا اور بعد میں ان کا خاندان لاہور منتقل ہو گیا۔ یہیں گریجویشن کیا اور اپنے شوق و لگن کی وجہ سے گلوکاری کے میدان میں قدم رکھا۔ کہتے ہیں وہ شروع ہی سے فلموں کے رسیا تھے۔ گائیکی کا شوق اسی زمانے میں پروان چڑھا اور وہ پاکستان کے نام ور گلوکاروں کے درمیان جگہ بنانے میں کام یاب رہے۔

1974 میں اے نیر نے پہلا فلمی گیت گایا جس کے ذریعے انڈسٹری اور شائقین سے ان کا تعارف ہوا۔ یہ سلسلہ دراز ہوتا چلا گیا اور وقت نے اے نیر کو پاکستان کے مقبول ترین گلوکاروں کی صف میں لا کھڑا کیا۔

بہترین گلوکاری پر پانچ بار نگار ایوارڈ اپنے نام کرنے والے اے نیر نے فلموں کے لیے ہزاروں گیت ریکارڈ کروائے۔ انھیں پہلا نگار ایوارڈ 1979 میں دیا گیا۔ اے نیر فن گائیکی میں احمد رشدی کو اپنا استاد مانتے تھے۔

12 نومبر 2016 کو یہ خوب صورت گلوکار ہمیشہ کے لیے اس دنیا سے چلا گیا۔ وہ عارضۂ قلب میں مبتلا تھے اور 66 سال کی عمر میں زندگی کا سفر تمام کیا۔ 2018 میں حکومت کی جانب سے انھیں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔

Comments

- Advertisement -