آفریں آفریں ‘ نوجوان گلو کارنے سوشل میڈیا پرہلچل مچادی -
The news is by your side.

Advertisement

آفریں آفریں ‘ نوجوان گلو کارنے سوشل میڈیا پرہلچل مچادی

کوک اسٹوڈیو کا سیزن نائین اپنی دھومیں مچا رہا ہےلیکن جہاں ایک جانب تعریف کا سلسلہ جاری ہے وہیں کچھ لوگ کوک اسٹوڈیو کے اس سیزن سے نالاں بھی نظر آتے ہیں۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے نو آموز گلوکار عبداللہ قریشی بھی ہیں جنہیں شکایت ہے کہ کوک اسٹوڈیو میں راحت فتح علی خاں نے اپنے استاد نصرت فتح علی خاں کے گانے ’آفریں آفریں ‘ کے سب سے خوبصورت بول حذف کردیے۔

rahat-post-2

آفریں ‘ استاد نصرت فتح علی خاں کے’سنگم‘ نامی البم میں شامل لازوال گانوں میں سے ایک ہے جو کہ 1996 میں ریلیز ہوا تھا اور اس کے بول معروف بھارتی شاعر جاوید اختر نے تحریر کیے تھے۔ آج 20 برس بیت جانے کے بعد بھی نصرت فتح علی خان کی حشرسامانی موسیقی کے دلدادہ افراد میں ویسے ہی جلوہ افروز ہے جیسے کہ روزِ اول تھی۔

عبداللہ قریشی کا کہنا ہے کہ اس گانے کے سب سے شاندار بول راحت فتح علی خاں نے کوک اسٹوڈیو میں پرفارمنس دیتے ہوئے حذف کردیے جو کہ کچھ یوں تھے۔


آنکھیں دیکھیں تو میں دیکھتا رہ گیا
جام دونوں اور دونوں ہی دو آتشہ
آنکھیں یا میکدے کے دو باب ہیں
آنکھیں ان کو کہوں یا کہوں خواب ہیں
آنکھیں نیچی ہوئی تو حیا بن گئیں
آنکھیں اونچی ہوئی تو دعا بن گئیں
آنکھیں اٹھ کر جھکی تو ادا بن گئیں
آنکھیں‌جھک کر اٹھی تو قضا بن گئیں
آنکھیں جن میں ہے قید آسمان و زمین
نرگسی نرگسی۔۔ سرمئی سرمئی
نرگسی نرگسی۔۔ سرمئی سرمئی


عبداللہ قریشی نے فیس بک پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں وہ گٹار پر اس شہر ہ آفاق گانے کے مذکورہ بول گارہے ہیں اور ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سی وائرل ہورہی ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ ’’معذرت کے ساتھ لیکن کوک اسٹوڈیو نے گانے کا سب سے اہم جزو حذف کردیا۔کوئی بھی تقابل نہ کرے‘ خاں صاحب ہمیشہ گائیکی کے شہنشاہ رہیں گے‘‘۔

کوک اسٹوڈیو سیزن نائن میں راحت فتح علی خان نے ’آفریں آفریں‘ ساتھی گلوکارہ میمونہ مستحسن کے ہمراہ پرفارم کیا ہے جس پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔

نصرت فتح علی خاں کی آواز میں ان کا معروف گیت ’آفریں آفریں ‘ سنئیے

عبداللہ قریشی صوفی موسیقی کے حوالے سے اپنی ایک منفرد شناخت تعمیر کررہے ہیں

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں