کراچی(25 مارچ 2026): اے آر وائی فلمز، سلمان اقبال فلمز اور بگ بینگ فلمز کی مشترکہ پیشکش ’آگ لگے بستی میں‘ نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ فلم کو پاکستانی سینما کی تاریخ کا سب سے بڑا افتتاحی ویک اینڈ بزنس ملا ہے۔
پاکستان کے سپر اسٹار فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی اس فلم نے عید کے ابتدائی تین دنوں میں صرف پاکستان کے باکس آفس پر 16 کروڑ 20 لاکھ روپے کا شاندار بزنس کیا۔
اسی طرح بیرونِ ملک مقیم شائقین کی جانب سے بھی زبردست ردِعمل سامنے آیا جہاں فلم نے 11 کروڑ روپے کمائے۔ عالمی سطح پر فلم کا پہلے ویک اینڈ کا مجموعی بزنس 27 کروڑ 20 لاکھ روپے رہا ہے۔
View this post on Instagram
ملک بھر کے سینما گھروں میں فلم کی نمائش ‘ہاؤس فل’ جاری ہے۔ شائقین کے غیر معمولی رش اور ٹکٹوں کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لیے سینما مالکان نے رات کے وقت ‘ایکسٹرا شوز’ کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
فلم بینوں کی جانب سے فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی آن اسکرین کیمسٹری اور فلم کی کہانی کو بے حد سراہا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ فلم آنے والے دنوں میں مزید بڑے ریکارڈ اپنے نام کرے گی۔
واضح رہے کہ فلم آگ لگے بستی میں 2026 کی پاکستانی فلم ہے جو عید الفطر پر ریلیز ہوئی اس فلم کے ڈائریکٹر بلال عاطف خان ہیں جبکہ اس فلم کو فہد مصطفیٰ نے پروڈیوس کیا ہے، اس فلم میں فہد مصطفیٰ (برکت کے کردار میں)، ماہرہ خان (الماس کے کردار میں)، تابش ہاشمی، جاوید شیخ اور دیگر کردار شامل ہیں۔
فلم ایک غریب جوڑے برکت اور الماس کی کہانی ہے جو صفائی کا کام کرتے ہیں۔ برکت ایماندار اور محنتی ہے جبکہ اس کی بیوی الماس دولت کی جلدی خواہش مند ہے۔ دونوں پیسے کمانے کے لیے چھوٹے چھوٹے جرائم کی طرف مائل ہوتے ہیں جو آہستہ آہستہ بڑے خطرناک جرائم میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ فلم ازدواجی تنازعات، معاشرتی مسائل اور اخلاقی جدوجہد کو مزاحیہ انداز میں پیش کرتی ہے۔


