ممبئی (21 جنوری 2026): بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے گوری سپراٹ کے ساتھ شادی کرنے کے اپنے منصوبے کے بارے میں بتا دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق عامر خان گوری سپراٹ کے ہمراہ ممبئی میں ایک نئے گھر میں منتقل ہو رہے ہیں، یہ گھر شہر میں ان کی فیملی کی رہائش گاہ کے قریب ہی واقع ہے۔
عامر خان نے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ یہ سب کچھ میری پروڈکشن میں بننے والی فلم ’ہیپی پٹیل‘ کی ریلیز کے عین درمیان ہو رہا ہے، اس لیے مصروفیت کی وجہ سے صورتحال کافی غیر معمولی ہے۔”
بالی وڈ اداکار نے واضح کیا کہ ان کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان نے فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ناکامی کی وجہ بتا دی
عامر خان نے گوری سپراٹ کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ گوری اور میں ایک دوسرے کے بارے میں بہت سنجیدہ ہیں اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ مکمل وابستگی میں ہیں، ہم ایک دوسرے کے جیون ساتھی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں تک شادی کا تعلق ہے تو دل میں، میں پہلے ہی ان سے شادی کر چکا ہوں، اب ہم اسے باقاعدہ قانونی شکل دیتے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ ہم وقت کے ساتھ ساتھ کریں گے۔
گوری سپراٹ سے قبل عامر خان کی زندگی میں رینا دت اور کرن راؤ شامل رہیں۔ 60 سالہ اداکار کی ان دو شادیوں سے تین بچے ہیں۔
یاد رہے کہ گوری سپراٹ کا تعلق بنگلور سے ہے اور وہ اس وقت عامر خان فلمز میں کام کر رہی ہیں۔ جوڑے نے گزشتہ سال اپنے تعلق کا اعلان کیا تھا اور اعتراف کیا تھا کہ وہ اس وقت سے ایک سال پہلے سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


