ممبئی: ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے بالی وڈ کے سُپر اسٹارز شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ مستقبل میں فلم ریلیز کرنے کا اشارہ دے دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عامر خان کو حال ہی میں سعودی عرب میں ریڈ سی فلم فیسٹیول میں اعزاز سے نوازا گیا جہاں انہوں نے شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے کے امکان پر گفتگو بھی کی۔
عامر خان نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے شاہ رخ اور سلمان کے ساتھ فلم کے بارے میں گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً چھ ماہ قبل اس نے شاہ رخ اور سلمان سے بات کی تھی کہ اگر ان تینوں نے ایک ساتھ فلم بنائی تو کتنا اچھا ہوگا۔
’تقریباً چھ مہینے پہلے شاہ رخ، سلمان اور میں ایک ساتھ بیٹھے تھے اور ہم نے فلم کے بارے میں بات کی تھی۔ میں وہ پہلا شخص تھا جس نے یہ خیال دیا جبکہ ان دونوں کا کہنا تھا کہ یہ واقعی افسوسناک ہوگا اگر ہم تینوں نے ایک ساتھ فلم میں کام نہیں کیا تو۔
عامر خان نے کہا کہ امید ہے ہم اس پر جلد کام شروع کرین گے لیکن ہمیں اچھی کہانی اور اسکرپٹ کا انتظار ہے۔
مسٹر پرفیکشنسٹ کو اسکرین پر آخری بار ’فاریسٹ گم‘ کے ریمیک ’لال سنگھ چڈھا‘ میں اداکارہ کرینہ کپور کے ساتھ دیکھا گیا تھا جو باکس آفس پر قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکی۔
5 سے 14 دسمبر تک جاری رہنے والا ریڈ سی فلم فیسٹیول عالمی سنیما کا جشن ہے جس نے دنیا کے کونے کونے سے فلم سازوں اور اداکاروں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
عامر خان کے ساتھ بالی وڈ اسٹار کرینہ کپور اور ہالی وڈ اسٹارز ول اسمتھ، ون ڈیزل اور اسپائک لی نے بھی فیسٹیول میں شرکت کی۔