لاہور : سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ دہشت گرد گھر میں گھس آئے ہیں۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ پر حملے کی تحقیقات کروائی جانی چاہئیں۔ اگر کوئی سیاسی جماعت ایسا کرتی تو اب تک اس کی دھجیاں اڑا دی جاتیں۔
یہ بات انہوں نے لاہورہائی کورٹ میں اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، عاصمہ جہانگیر نے سانحہ لاہور پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلشن اقبال کے سانحہ سے واضح ہوگیا کہ یہاں کوئی شخص محفوظ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی دہشت گردی اور سلمان تاثیر کے قاتل کو عجلت میں پھانسی دینے کی تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ کیونکہ سزائے موت کے منتظراور بھی مجرمان موجود تھے۔
انہو ں نے کہا کہ قومی سلامتی کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں تو ادارے کیوں خاموش ہیں۔ کوئی سیاسی جماعت ایسا کرتی تو حشر کیا ہوتا۔ سب کو معلوم ہے۔مگر انتہا پسندوں کو اس کی اجازت دی گئی۔