بیجنگ : چین میں آن لائن نیلامی کے دوران نامعلوم شخص نے لاوارث کتا 42 لاکھ روپے بولی لگا کر خرید لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپانی نسل ’شیبا اِنو‘ سے تعلق رکھنے والے کتے کو سات سال قبل ایک نامعلوم شخص چین کے لاوارث کتوں کے تربیتی مرکز میں چھوڑ گیا تھا۔
کتے کے مالک کا کئی روز انتظار کرنے کے بعد لاوارث کتوں کے مرکز نے عدالت میں کیس دائر کیا تاکہ کتے کے مالک کو تلاش کرکے کتے کی دیکھ بھال پر آنے والے اخراجات وصول کیے جاسکیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
سات برس تک کتے کا مالک نہیں ملا تو عدالت نے کتے کو نیلام کرکے نیلامی کی رقم سے مرکز کے اخراجات پورے کا حکم دیا۔
رپورٹس کے مطابق ان 7 برسوں کے دوران کتا اپنی من موہنی حرکتوں کی وجہ سے تربیتی مرکز کے عملے کے دل میں گھر کررکھا تھا، جس کے باعث عملہ اس کی شرارتوں اور حرکتوں کی ویڈیوز بناکر انٹرنیٹ پر شیئر کرتے رہتے تھے۔
تربیتی مرکز کے عملے نے اس لاوارث کتے کا نام ‘ڈینگ ڈینگ’ رکھا تھا جس کی ویڈیوز کا ہر چینی شہری دیوانہ ہوچکا تھا، جس کے باعث نیلامی کے دوران شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصّہ لیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کتے کی نیلامی کےلیے 29 گھنٹے تک مسلسل بولیاں لگتی رہی اور باالآخر ایک نامعلوم شخص نے ڈینگ ڈینگ کو 1 لاکھ 60 یوآن (42 لاکھ روپے پاکستانی) کی بولی لگاکر خرید لیا۔