ایوبیہ: ایبٹ آباد کے ایک گاؤں ملکوٹ میں مقامی افراد نے آبادی پر حملہ کرنے والے ایک چیتے کو زیر کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایوبیہ میں واقع گاؤں ملکوٹ میں ایک چیتے نے آبادی کی طرف آ کر حملہ کر کے ایک معمر شہری کو زخمی کر دیا تھا، جس پر مقامی افراد اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے نکل آئے۔
محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد میں مقامی افراد نے فائرنگ کر کے چیتے کو ہلاک کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق سرکل بکوٹ میں چیتے نے دن کے وقت ایک شخص پر حملہ کیا تھا، جس میں 55 سالہ رحیم داد شدید زخمی ہو گئے، تاہم موقع پر موجود ایک نوجوان نے لکڑی مار مار کر چیتے سے ان کی جان بچائی، اور انھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں، مقامی لوگوں نے مل کر چیتے کو ہلاک کر دیا۔
یاد رہے کہ جمعرات 18 مارچ کو صوبہ سندھ میں سکھر کے ایک نواحی علاقے میں بھی لوگوں نے چیتے کے بچے کو مار دیا تھا، رپورٹس کے مطابق چیتا آبادی میں گھس آیا تھا جس پر لوگوں نے فائرنگ کر کے اسے مار دیا۔