کوئٹہ:زیارت کے اسسٹنٹ کمشنر کے مغوی بیٹے کو بازیاب کرالیا گیا تاہم اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل تاحال لاپتہ ہیں ، جن کی بازیابی کے لئے کوششیں جاری ہے.
تفصیلات کے مطابق زیارت کے اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل کے اغوا شدہ بیٹے مستنصر بلال کو بازیاب کرالیا گیا، جس کی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے تصدیق کر دی۔
ذرائع نے بتایا کہ مستنصر بلال کو بلوچستان کے ضلع ہرنائی سے بازیاب کرایا گیا ہے، اور وہ اس وقت ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی تحویل میں ہیں۔ تاہم، اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل تاحال لاپتہ ہیں، جن کی بازیابی کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کوششیں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ 10 اگست 2025 کو نامعلوم مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل باقی اور ان کے بیٹے مستنصر بلال کو زیارت کی وادی زِزری سے اغوا کر لیا تھا۔
بعد ازاں 21 ستمبر 2025 کو اطلاعات سامنے آئیں کہ دونوں کو قتل کر دیا گیا ہے، تاہم ان خبروں کی بعد میں تردید کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی وضاحت کی تھی کہ اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کے قتل کی اطلاعات درست نہیں۔
ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ سے ہے، اور ان کی بازیابی کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


