چنیوٹ : جمیعت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ صرف مریم نواز اور شہباز شریف ہی نہیں ان سمیت ن لیگ کے اندر اختلافات موجود ہیں۔
یہ بات انہوں نے چنیوٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر انہوں نے موجودہ حکومت پر بھی تنقید کی اور کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مولانا عبدالغفورحیدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ہمارے ایجنڈے الگ الگ ہیں وہ فی الحال حکومت کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاسی پارٹیوں کے اندر اختلافات ہونا کوئی نئی یا بری بات نہیں ہے، ن لیگ کے تمام فیصلے ابھی بھی نوازشریف ہی کرتے ہیں۔
عبدالغفورحیدری نے وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید احمد خانہ بدوش ہیں اس حکومت کے بعد کہاں پڑاؤ کریں گے اس کا ابھی پتا نہیں۔
جمیعت علمائے اسلام ف کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کی بھلائی کی خاطر باہر نکلے ہیں لہٰذا عوام ان کا بھرپور ساتھ دے۔