اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت مختلف حربوں سے انھیں بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
تفصیلات کےمطابق آج سینیٹ اجلاس میں عبدالغفور حیدری نے بتایا کہ حکومت نے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی ہے جب ہم نہیں ڈرے تو فضل الرحمان کی سیکورٹی واپس لے لی گئی۔
انھوں نے اجلاس میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان پرماضی میں متعدد خود کش حملے ہوئے، اگر انھیں کچھ ہوا تو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان میں عید کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے پر اتفاق
عبدالغفور حیدری نے کہا ہمارے ساتھ پولیس کی سیکورٹی کیوں واپس لی گئی، آئی جی سے رابطے پر کہا گیا کہ اوپر سے آرڈر ہے، حکومت جے یو آئی ف کو تنگ کر رہی ہے، مختلف طریقوں سے فضل الرحمان کو تنگ کیا جا رہا ہے۔
عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ 14 جولائی کو کوئٹہ میں ملین مارچ کریں گے، 21 جولائی کو پشاور میں ملین مارچ ہوگا، اس حکومت کے خلاف جو کچھ ہو سکے گا کریں گے، کوئٹہ اور پشاور کے بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے، ہمارے ملین مارچ نے حکومت کی نیندیں اڑا دی ہیں۔
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ پُرامن طریقے سے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے، لیکن حکمرانوں کو خدشہ ہے کہ ان مظاہروں سے حکومت ہی نہ چلی جائے۔