لاہور : مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پرتوجہ نہیں دی گئی، حکومت بہتر پالیسیوں سے معیشت میں استحکام لارہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا، تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ماضی کی بات نہ کریں، ماضی کی پالیسی سے ملکی معیشت کو فائدہ نہیں ہوا، حکومت بہتر پالیسیوں سے ملکی معیشت میں استحکام لارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں برآمدات بڑھانے پر کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی، ماضی کے نقصانات سے نکلنے کے لیے موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے، انڈسٹری کو بڑھانے کے لیے پرائیوٹ سیکٹر کو آگے آنا ہوگا، حکومت کو اچھا ماحول مہیا کرکے پرائیوٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ خام مال پر ہزاروں روپے کی درآمدی ڈیوٹی کو صفر کیا ہے، دوسری جانب حکومتی اخراجات پربھی قابو پایا گیا، ملک میں غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری میں 100فیصداضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ کورونا سے قبل ہماری کارکردگی کو عالمی اداروں نے بھی سراہا،5سال کے دوران ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا، ماضی میں درآمدات بڑھنے سے ملکی معیشت متاثر ہوئی۔