کراچی: سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر عبدالرؤف خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل میچ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی 15 اوورز تک میچ بہت متوازن انداز میں جاری تھا اور انگلینڈ کو واضح برتری حاصل تھی۔ اس مرحلے پر گیند تبدیل نہیں کرنی چاہیے تھی۔
عبدالرؤف خان کا کہنا تھا کہ امپائرز کو اس مرحلے پر گیند تبدیل نہیں کرنی چاہیے تھی۔ گیند کی تبدیلی سے واضح طور پر بھارتی باؤلرز کو فائدہ پہنچا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے 15 اوورز تک یا اس سے قبل انگلینڈ کی اننگز میں ریورس سوئنگ کا کوئی واضح اشارہ نہیں تھا۔ یہاں تک کہ جب جوفرا آرچر اپنی تیز رفتار باؤلنگ کر رہے تھے، اس وقت بھی بھارتی اننگز کے دوران گیند میں ریورس سوئنگ دیکھنے کو نہیں ملی۔
انگلینڈ کی اننگز کے 15ویں اوور کے بعد صورتحال اچانک تبدیل ہو گئی اور گیند ریورس سوئنگ کرنے لگی، جس سے بھارتی باؤلرز جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ اور ہاردک پانڈیا کو بہت زیادہ فائدہ حاصل ہوا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ جسپریت بمراہ بلاشبہ دنیا کے بہترین باؤلرز میں شمار ہوتے ہیں، لیکن ایک فاسٹ باؤلر کی حیثیت سے انہیں محسوس ہوتا ہے کہ اچانک کچھ ایسا ہوا جس نے باؤلرز کو فائدہ پہنچایا اور میچ کا رخ بدل دیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



