سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے بابر اعظم کی جگہ عبداللہ شفیق کو کپتان بنانے کا مشورہ دے دیا۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی جگہ اوپنر عبداللہ شفیق کو ٹیم کا کپتان بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عبداللہ شفیق نے بطور اوپنر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ طویل عرصے تک بطور کپتان کامیاب ثابت ہوسکتے ہیں۔
محمد آصف نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سرفراز احمد کو کپتان مقرر کرنے کے خیال کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ریورس گیئرز کا سہارا لینے کی ضرورت نہیں ہے اور پاکستان کو اگلے دس سال کے لیے منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عبداللہ شفیق واحد نوجوان کھلاڑی ہیں جو مستقبل میں کامیاب کپتان بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ بابر اعظم نے وائٹ بال کی کپتانی سے دستبردار ہونے پر غور شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ بابر اعطم میرا فیورٹ رہا ہے لیکن وہ چار سال سے قومی ٹیم کا کپتان ہے اس کی قیادت میں بہت سے مسائل ہیں وہ بطور لیڈر کامیاب نہیں ہوسکا۔