تازہ ترین

حسن نواز اور حسین نواز تین بڑے مقدمات میں بری

اسلام آباد : احتساب عدالت نے سابق وزیرِاعظم میاں...

سوشل میڈیا پر مذہبی و لسانی منافرت پھیلانے والے 462 اکاؤنٹس بند

اسلام آباد : سوشل میڈیا پر مذہبی اور لسانی...

قوم دہشتگردی کے خاتمے تک پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ...

27 فروری: بھارت کے زخم تازہ، قوم کا شاہینوں کو سلام

جنگی جنون اور طاقت و برتری کے زعم میں‌ مبتلا بھارت نہ صرف خطے میں‌ عدم استحکام، پڑوسی ممالک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کا ذمہ دار ہے۔

بھارت کے جنونی حکمرانوں نے اپنے ہی دیس کے گلی کوچوں میں‌ شہریت کے متنازع قانون کی شکل میں وہ آگ بھڑکائی ہے جو لاکھوں‌ خاندانوں‌ کی زندگیوں‌ کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔

مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں‌ مظالم اور مختلف بھارتی ریاستوں میں مسلم کُش فسادات کو ہوا دے رہی ہے جس کا دنیا کو نوٹس لینا چاہیے۔

27 فروری وہ دن ہے جب پاکستان کی آزاد فضاؤں کے محافظ شاہینوں‌ نے دلیری اور شجاعت کی ایک نئی تاریخ‌ رقم کی اور بھارت کو دنیا بھر میں‌ ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

آج کے روز دشمن کے دو جنگی طیارے پاکستان کی فضائی حدود میں‌ داخل ہوئے جنھیں ہمارے شاہینوں‌ نے مار گرایا۔

پاکستان کی فضائی حدود میں‌ گھسنے کی کوشش کرنے والے دو طیاروں میں سے ایک کا پائلٹ ابھی نندن ورتمان گرفتار ہوا اور اقوامِ عالم میں بھارت کی ذلت و رسوائی کا سبب بنا۔ بھارت کا دوسرا جنگی طیارہ مقبوضہ کشمیر میں‌ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

جانیے بھارت کے اس نام نہاد سورما ابھی نندن کے بارے میں!


اس بھارتی پائلٹ کا پورا ابھی نندن ورتھمان ہے، بھارت کے اس ‘‘ہوا باز’’ کا تعلق چنائے شہر سے ہے جو کبھی مدراس کے نام سے پہچانا جاتا تھا۔

بھارت کو دنیا کے آگے رسوا کرنے والے ابھی نندن کو ہوا بازی میں 16 سال کا تجربہ ہے، وہ بھارتی فضائیہ میں ونگ کمانڈر ہے، اس نے 2004 میں بھارتی فضائیہ میں کمیشن حاصل کیا۔

بھارت کے اس نام نہاد سورما کے والد فضائیہ کے سابق پائلٹ ہیں جن کا نام سماکٹی ورتھمان ہے جب کہ والدہ ڈاکٹر ہیں۔

پاکستانی فضائیہ کے شاہینوں کے نشانے پر آنے والے جس جنگی طیارے کا کنٹرول پائلٹ ابھی نندن ورتمان کے ہاتھ میں تھا وہ مگ 21 تھا۔

ابھی نندن کے طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاک فضائیہ کے شاہین نے جا لیا اور فضا میں‌ نشانہ بنایا، اس طیارے کا ملبا آزاد کشمیر میں گرا جب کہ پائلٹ ابھی نندن پیرا شوٹ کی مدد سے زمین پر اترنے میں کام یاب ہو گیا۔

 

پاکستانی شہریوں نے کیا دیکھا!


یوں‌ تو دشمن کا تباہ شدہ طیارہ کئی آنکھوں‌ نے دیکھا، لیکن عینی شاہدین میں سے ایک رزاق چوہدری ہیں جنھوں‌ نے عالمی نشریاتی اداروں اور مقامی میڈیا سے بات کی، آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے باسی رزاق چوہدری نے بتایا کہ انھوں نے بھارتی طیارے کو نشانہ بنتے اور پھر زمین پر گرتا ہوا دیکھا، وہ اور گاؤں کے دیگر لوگ اس جگہ پہنچے جہاں طیارے کا ملبا گرا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسی دوران ایک پائلٹ کو پیرا شوٹ کی مدد سے زمین کی طرف آتا بھی دیکھا۔ جب مقامی لوگوں‌ کو یہ معلوم ہوا کہ وہ بھارتی پائلٹ ہے تو مشتعل ہو گئے۔

فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچا لیا


مادرِ وطن کی خاطر مرمٹنے کو تیار اور جذبۂ حب الوطنی سے سرشار نوجوانوں کے ہاتھ لگنے والے ابھی نندن کی شامت آئی ہی تھی کہ پاک فوج کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔

پاکستانی حکام اور فوج کا رویہ


گرفتار بھارتی پائلٹ کے ساتھ پاکستانی حکام نے مہذب قوم ہونے کے ناتے اخلاقیات اور آداب کو ملحوظ رکھا اور دشمن قیدی سے بہترین سلوک اور اچھا برتاؤ کرکے پاک فوج نے یہ ثابت کیا کہ ہماری فوج ہر لحاظ سے تربیت یافتہ اور ایک پیشہ وَر فوج ہے، جس کا اعتراف خود گرفتار پائلٹ نے کیا، بعد میں‌ بھارتی میڈیا اور وہاں کے دانش ور اور سنجیدہ طبقوں‌ میں بھی اسے سراہا گیا۔

گرفتاری کے بعد دنیا نے ابھی نندن کو کس حال میں‌ دیکھا؟


زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا بھارتی پائلٹ مرہم پٹی اور میڈیکل چیک اپ کے بعد جب میڈیا کے سامنے آیا تو دنیا نے دیکھا کہ وہ نہ صرف ذہنی طور پر حاضر اور مکمل طور پر فٹ نظر آرہا تھا، بلکہ نہایت پُرسکون انداز میں چائے نوش کررہا ہے۔

اس موقع پر گرفتار پائلٹ نے پاک فوج کے کردار اور رویے کو پیشہ وارانہ اور متاثر کن قرار دیا، یہی نہیں‌ بلکہ ابھی نندن نے بھارتی فوج کو یہ مشورہ دیا کہ وہ بھی ایسا ہی رویہ اپنائے۔

ابھی نندن نے تسلیم کیا کہ پاک فوج کے جوانوں نے مشتعل ہجوم سے میری جان بچائی جس پر میں ان کا  شکریہ ادا کرتا ہوں۔

پاکستانی حکام نے قیدی کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، بعدازاں پاکستان نے تباہ ہونے والے طیارے کی تصاویر، بھارتی پائلٹ اور اس سے ملنے والی دستاویزات مقامی اور عالمی میڈیا کے سامنے پیش کر دیں۔

بھارتی فضائیہ کے قیدی افسر نے اپنے بارے میں‌ کیا بتایا؟


ابھی نندن نے اعتراف کیا کہ وہ بھارتی فضائیہ کا افسر ہے اور ایئر فورس کا ونگ کمانڈر ہے، اس نے اپنا سروس نمبر 27981 بتایا۔

ابھی نندن نے بھارتی میڈیا کو جھوٹا اور گپ باز قرار دیا


ابھی نندن نے گویا پاکستانی قید کو اپنے لیے ایک نعمت جانا اور بغیر کسی دباؤ کے بھارتی میڈیا کے خلاف بھی دل کی بھڑاس نکالی۔ اس نے کہا کہ بھارتی میڈیا ہمیشہ بات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے اور سچ کو چھپاتا ہے۔

ابھی نندن کی بھارت رخصتی!


پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے گرفتار ونگ کمانڈر کو باعزت طریقے سے سرحد پار بھیج دیا، اور دنیا کو بتایا کہ پاکستان امن اور سلامتی کا پیامبر ہے۔

بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر پاکستان میں موجود انڈین ہائی کمیشن کے حکام کی موجودگی میں بھارت کے حوالے کیا گیا۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے رہائی سے قبل پارلیمنٹ کے ایک مشترکہ اجلاس کے دوران ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ابھی نندن کی حوالگی کا منظر دیکھنے کے لیے بارڈر پر مقامی لوگوں‌ کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔

بھارتی جنگی طیاروں کو تباہ کرنے والے پاکستانی شاہین!


نعمان علی خان پاک فضائیہ کے وہ جاں باز ہیں جنھوں نے ابھی نندن کے مگ 21 کو زمین کا منہ دکھایا اور یوں 27 فروری کو بھری گئی اڑان عبرت ناک انجام سے دوچار ہوئی۔ پاکستان کی فضاؤں کا یہ محافظ ایئر فورس میں ونگ کمانڈر ہے۔

پاکستان کے دوسرے شیر دل اسکوارڈن لیڈر حسن محمود صدیقی ہیں جن کے نشانے پر آنے والا بھارتی جہاز تباہ ہوا اور اس کا ملبا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔

حکومتِ پاکستان نے ونگ کمانڈر نعمان علی خان کو ستارۂ جرات اور اسکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی کو تمغۂ جرات سے نوازا۔

Comments

- Advertisement -