بدھ, اپریل 15, 2026
اشتہار

ابھیشیک شرما نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آل ٹائم ریکارڈ توڑ دیا

اشتہار

حیرت انگیز

احمد آباد(9 مارچ 2026): بھارت کے اوپنر ابھیشیک شرما نے اتوار کو آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں تیز ترین نصف سنچری بنا کر اپنے نام ایک اور اعزاز کر لیا ہے۔

آئی سی سی مینز ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر فائز ابھیشیک شرما 20 ٹیموں کے اس میگا ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں اپنی شہرت کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے، جہاں وہ امریکا، روایتی حریف پاکستان اور نیدرلینڈز کے خلاف اپنے پہلے تینوں میچوں میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

25 سالہ بلے باز نے بالآخر جنوبی افریقہ کے خلاف سپر ایٹ میچ میں 15 رنز بنا کر اپنی ناکامیوں کا سلسلہ توڑا اور بعد ازاں زمبابوے کے خلاف نصف سنچری بنا کر اپنی مہارت کی جھلک دکھائی۔

بھارت نے مسلسل دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت لیا

تاہم، ابھیشیک شرما اس فارم کو برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سپر ایٹ کے اہم میچ اور انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں وہ سنگل ڈیجٹ  پر آؤٹ ہوئے۔

ٹی 20 کے ٹاپ رینک بلے باز نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں داخل ہوئے تو ان کے نام صرف 89 رنز اور 12.71 کی مایوس کن اوسط تھی، لیکن انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں محض 18 گیندوں پر نصف سنچری داغ کر نہ صرف شاندار واپسی کی بلکہ بھارت کو جارحانہ آغاز بھی فراہم کیا۔

اگرچہ ابھیشیک اپنی اس تیز ترین ففٹی کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے، لیکن اس کارکردگی نے انہیں ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں تیز ترین نصف سنچری بنانے کا جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن کا ریکارڈ توڑنے میں مدد دی۔ واضح رہے کہ کلاسن نے گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں بھارت کے خلاف 23 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔

ابھیشیک شرما کی اس ریکارڈ ساز اننگز کا خاتمہ آٹھویں اوور میں ہوا جب وہ راچن رویندرا کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے فائنل میں 21 گیندوں پر 52 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں