لاہور : وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر عمران خان کی خواہش کے مطابق کمیشن نہیں بن سکتا،اگر تحریک انصاف نے رائے ونڈ کا رخ کیا تو لیگی کارکن بھی تیار ہیں۔
لاہور میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے زکوٰۃ کے تین ملین ڈالر کے 7 سالہ منافع کا حساب دیں، عمران خان بتائیں کہ اس منافع سے انہوں نےکیا بنی گالا کا گھر خریدا ؟
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خدائی دعوے کرتے ہیں تاہم پاکستان کی عوام2018 کے انتخابات میں انکی سیاست کا جنازہ نکال دے گی۔
وزیر اعظم نواز شریف کا بڑا پن ہے کہ عمران خان کوہاتھ نہیں لگاتے اور اپنے کارکنوں کو بھی جذبات پر قابو رکھنے کی تلقین کرتے ہیں۔
عمران خان کو اس بات سے مسئلہ ہے کہ 2018 میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم اورسی پیک سے 46 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی جس کے نتیجےمیں 2018 کا انتخاب مسلم لیگ نواز جیت جائے گی۔
عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کے پاس سیاست چمکانے کیلئے اب کوئی ایشو نہیں بچا اس لئے وہ ملک میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں۔
عمران خان کہتے ہیں کہ جس پر الزام ہے اسے جیل بھیج دو ،پاکستان عمران خان کی مرضی اور خواہشات پر نہیں چل سکتا ،انہوں نے کہا کہ ملک میں پانی ذخیر کرنے کے لئے مطلوبہ تعداد میں ڈیم نہیں بنائے گئے جس سے بڑی مقدار میں پانی سمندر میں ضائع ہورہا ہے۔
کالا باغ ڈیم سمیت تمام ڈیم اتفاق رائے سے بننے چاہیئں، عابد شیر علی کا کہنا تھاملک بھر میں کاروباری مزاکر رات آٹھ بجے بند کرنے کی تجویز زیر غور ہے اگر تاجر نہ مانے تو پھر انکے لئے علیحدہ میٹر لگاکر دو سے تین گناہ زیادہ بل وصول کیا جائے گا۔
علامہ طاہر القادری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرے لیڈر طاہر القادری جیسے نہیں ، علامہ صاحب اپنے کارکنوں کو دو بار دھوکہ دے چکے ہیں ۔
وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کو بہتری کی طرف لے جا رہے ہیں ۔صنعتوں کو مسلسل بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور بہت جلد بجلی کی پیداوار 18ہزار میگا واٹ تک پہنچ جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جس شخص کو کوئی اپنے گھر کھانے پر نہیں بلاتا میڈیا اسے ٹی وی پر بلا کر اپنا اور قوم کا وقت ضائع کرتا ہے، شیخ رشید 2008 تک مشرف کے ساتھی رہے اپنے دور میں نوازشریف کا احتساب کیوں نہیں کیا۔