کراچی: پاکستان کی معروف عالمی شہرت یافتہ صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کی موت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کی ان کی بیٹی نے سختی سے تردید کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق عابدہ پروین کی بیٹی نے تصدیق کی ہے کہ والدہ بالکل صحت مند ہیں اور ان کی موت کی خبریں مکمل طور پر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔
بیٹی کا کہنا تھا کہ میری والدہ بالکل خیریت سے ہیں۔ مداحوں کو میری والدہ کی موت کے بارے میں غلط خبریں فراہم کی جارہی ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ صرف قابلِ اعتماد ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور کے ڈلگران چوک کے ایک رہائشی کا جمعرات کو انتقال ہوا اور ان کا نام بھی عابدہ پروین تھا، جس کی وجہ سے ان افواہوں نے جنم لیا۔
معروف صوفی گلوکارہ کے انتقال کی جھوٹی رپورٹس نے ملک اور بیرونِ ملک کے مداحوں میں تشویش پیدا کر دی تھی۔
خاندان کے ذرائع نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ بغیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور گلوکارہ اور ان کے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔
عابدہ پروین کی صحت اب کیسی ہے؟ ٹیم کا وضاحتی بیان جاری
واضح رہے کہ ملک کی معروف صوفی گلوکارہ پاکستان کی سب سے ممتاز گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور دنیا بھر میں ان کے لاکھوں چاہنے والے ان کے لئے فکر مند رہتے ہیں۔


