بھارتی کرکٹر ابھیشیک پورل کو میڈیکل کی طالبہ سے زیادتی کے الزام میں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگال اور دہلی کیپٹلز کے کرکٹر ابھیشیک پورل کو زیادتی اور دیگر جنسی جرائم کے الزامات کے مقدمے میں کولکتہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پورل کو کولکتہ پولیس نے 11 اگست کو گرفتار کیا اور اسی دن ہائی کورٹ میں پیش کیا جبکہ ان کے خلاف مقدمہ 30 جون کو درج کیا گیا تھا۔
خاتون الزام عائد کیا کہ ابھشیک پورل نے ان سے شادی کا وعدہ کیا تھا تاہم بعد میں کرکٹر نے شادی سے انکار کرتے ہوئے ان سے دوری اختیار کرنا شروع کردی۔
یہ پڑھیں: بھارتی کرکٹر نے ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر انتہائی قدم اٹھا لیا!
شکایت میں خاتون نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ابھشیک پورل نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور مبینہ طور پر مجرمانہ دھمکیاں بھی دیں۔ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں۔
ابھشیک پورل ماضی میں ان پر عائد کیے گئے الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔ مقدمے میں شکایت کنندہ کی جانب سے عائد الزامات کی قانونی طور پر تاحال تصدیق نہیں ہوئی اور پولیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ پورل نے آئی پی ایل 2026 کے اختتام کے بعد سے کوئی کرکٹ نہیں کھیلی ہے جس میں انہوں نے ڈی سی کے لیے صرف چار میچز کھیلے تھے۔


