دبئی: ابو ظہبی پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ واٹس ایپ ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے احتیاط کریں دھوکہ دہی کے ذریعے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو چوری کیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی پولیس نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ واٹس ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے احتیاط کریں، نئے نمبر سے پیغامات یا کوئی لنک موصول ہونے کی صورت میں اسے نہ کھولا جائے۔
ابوظہبی پولیس نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک مراسلے کے ذریعے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اپنے موبائل میں موجود نمبرز کے علاوہ کسی دوسرے شخص کے پیغامات کا جواب دینے سے گریز کیا جائے اور اس سے اپنی ذاتی معلومات شیئر کرنے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ آپ کو مختلف حیلوں بہانوں سے پھنسایا جاسکتا ہے۔
واٹس ایپ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ واٹس ایپ ایپلی کیشن استعمال کرتے وقت جعلی پیغامات پر گہری نظر رکھی جائے اورکسی انعام کے لالچ میں نہ آئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھارت سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو یو اے ای کے مشہور سونے کے تاجر اور کمپنی کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں چلانے اور بدنام کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
ملزمان کی جانب سے مشہور جیولرز کے خلاف سوشل میڈیا کی مختلف ویب سائٹس بالخصوص واٹس ایپ گروپ میں سب سے زیادہ مہم چلائی گئی، ملزمان نے پوسٹوں میں دعویٰ کیا تھا کہ دبئی میں مذکورہ کمپنی کے تمام شوروم کو بند کرکے مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔