اتوار, جون 7, 2026
اشتہار

ابو سلمان شاہ جہاں پوری: ایک محقّق، سوانح و تذکرہ نویس

اشتہار

حیرت انگیز

برصغیر پاک و ہند میں ابو سلمان شاہ جہاں پوری کو بحیثیت محقق، مصنّف، اور آزاد شناسی کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ ان کا امتیاز یہ ہے کہ انھیں ماہرِ ابوالکلامیات کہا جاتا ہے۔ ان کی تحریر و تحقیق کا موضوع انگریزی استعمار کے دور میں تقسیمِ ہند سے قبل تک برصغیر میں رونما ہونے والی ملّی تحریکیں تھیں، جن پر چھوٹی بڑی تقریباً ڈیڑھ سو کتب ان کے زورِ تحقیق کا نتیجہ ہیں۔

ممتاز علمی و ادبی شخصیت ڈاکٹر ابو سلمان شاہ جہاں پوری 2 فروری 2021ء کو اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔ وہ ایک محقّق اور ایسے سوانح نگار و تذکرہ نویس تھے جن کی کتابیں سند و حوالہ کے طور پر پیش کی جاتی ہیں۔ ڈاکٹر ابو سلمان شاہ جہاں پوری کا خاص میدان تحقیق تھا جس میں انھوں نے مختلف شخصیات کی زندگی کے مختلف پہلوؤں‌ پر بے مثال کام کیا۔

ڈاکٹر ابو سلمان نے ابتدائی تعلیم شاہ جہان پور سے مکمل کی۔ حفظِ قرآن کے ساتھ ابتدائی عربی اور فارسی کا درس لیا۔ تقسیم کے بعد 1950ء میں پاکستان آگئے اور کراچی یونیورسٹی سے ایم۔اے (اُردو) اور 1980ء میں سندھ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ان کا سنِ پیدائش 1940ء ہے اور وطن شاہ جہاں پور (روہیل کھنڈ، یوپی)۔ والد محمد حسین خاں نے ان کا نام تصدق حسین خاں رکھا۔ لیکن علم و ادب کی دنیا میں وہ ابو سلمان الہندی کے نام سے متعارف ہوئے اور بعد میں الہندی کی جگہ ان کے آبائی علاقے کا نام جڑ گیا۔ ڈاکٹر ابو سلمان نے حامد بدایونی کالج، کراچی میں تدریس کے فرائض‌ بھی انجام دیے۔

پاک و ہند کی سیاسی تاریخ، جدوجہد کی آزادی کی تحریکات، تنظیمات، شخصیات اور ان تحاریک کے نشیب و فراز ڈاکٹر صاحب کی تحقیق کے خاص میدان رہے۔ 1957 ء تا 1974ء ابو سلمان کے سیکڑوں مضامین پاکستان اور ہندوستان کے مختلف رسائل میں شایع ہوتے رہے جو بعد میں‌ کتابی شکل میں یکجا کیے گئے۔ ان کی چند اہم کتابوں میں‌ "اردو کی ترقی میں مولانا آزاد کا حصہ، اشفاق اللہ خاں شہید، افاداتِ آزاد، تحریکِ نظمِ جماعت،مولانا محمد علی اور ان کی صحافت، ابو الکلام و عبد الماجد، علامہ اقبال اور مولانا محمد علی، پاکستان کے اردو اخبارات و رسائل، مسلم افکارِ سیاست” کے نام شامل ہیں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں