گجرپورہ: لاہور میں موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس میں ملوث مرکزی ملزم عابد کا شناختی کارڈ پولیس نے بلاک کرا دیا، کارڈ بلاک ہونے سے ملزم بیرون ملک فرار نہیں ہوسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عابد کا شناختی کارڈ اب بلاک ہوچکا ہے، شناختی کارڈ بلاک ہونے سے ملزم بیرون ملک فرار نہیں ہوسکے گا، جبکہ متاثرہ خاتون کو شناخت پریڈ کرنے کے لیے راضی کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم شفقت کی شناخت کے لیے خاتون کو جیل جانا پڑے گا، جیل میں عدالتی عملے اور جیل حکام کی موجودگی میں شناخت پریڈ ہوگی، کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے شناخت پریڈ ضروری ہے۔
پولیس نے بتایا کہ شفقت کی نشاندہی پر عابد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
خیال رہے پنجاب کی پولیس گجرپورہ واقعہ کے مرکزی ملزم عابد کواب تک گرفتار نہیں کر سکی، پولیس نے مختلف اطلاعات پرسمندری، بہاولپور،نوشہرہ ورکاں اوربہاولنگرمیں چھاپے مارے لیکن ملزم عابد پولیس کے ہاتھ نہ آیا۔
گجرپورہ زیادتی کیس: مرکزی ملزم عابد کے خلاف ایک اورایف آئی آر کا انکشاف
عابد کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ اجرتی قاتل رہ چکا ہے اور پچیس ہزارروپے لے کر قتل کیا کرتا تھا ،ملزم عابد مختلف جرائم میں چار بار پولیس کے ہاتھوں پکڑا جاچکا ہے تاہم پولیس عابد کی گرفتاری کیلئے اب بھی چھاپے ماررہی ہے۔