کوئٹہ: بلوچستان میں خطرناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق افسوس ناک حادثہ ضلع خضدار میں پیش آیا، جہاں زاوہ کے مقام پر باراتیوں کی کوچ اور ٹرک میں ٹکر ہوگئی جس کے باعث سات افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی شکار کوچ کوئٹہ سے کراچی جارہی تھی، اس دوران اچانک کوچ ٹرک سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی 23 افراد ڈی ایچ کیو اسپتال میں زیرعلاج ہیں، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
خضدارمیں تیزرفتاری کےباعث مسافرکوچ الٹنےسے5 افراد جاں بحق
خیال رہے کہ رواں سال مئی میں صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں تیزرفتاری کے باعث کوچ الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 35 زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ رواں سال یکم فروری کو بلوچستان کے علاقے لک پاس میں کوچ اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 مسافرجاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے تھے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 7 اکتوبرکو صوبہ بلوچستان میں کے علاقے دشت میں بس اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہوگئے تھے۔