لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ٹرک کار پر چڑھ گیا، حادثے میں کمسن بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں فورٹ منرو میں ٹرک کار پر چڑھ گیا، افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک کم سن بچہ شدید زخمی ہوا۔
ذرائع کے مطابق کار میں سوار خاندان سخی سرور کا رہائشی تھا جو سیاحت کے لیے فورٹ منرو جا رہا تھا، جاں بحق افراد میں پروفیسر اللہ وسایا، ان کا بیٹا ابراہیم اور 2 پوتے شامل ہیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل صوبہ سندھ کے شہر نوری آباد کے قریب موٹر وے پر اندوہناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 18 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔
حادثے کا شکار وین میں بچوں اور خواتین سمیت 25 مسافر سوار تھے، وین سے دوسری گاڑی کا بونٹ اڑ کر ٹکرایا تھا جس کے بعد وین کو آگ لگ گئی تھی۔
حادثے کے بعد گزشتہ روز ایک بچی کی لاش بھی برآمد ہوئی تھی جو پہلے ریسکیو آپریشن کے دوران نظر نہیں آئی تھی۔
اس حوالے سے ریسکیو ذرایع نے بتایا تھا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ آگ سے بچانے کے لیے ماں نے بچی کو چادر میں لپیٹ لیا تھا، جب خاتون کی جھلسی ہوئی لاش سے چادر ہٹائی گئی تو اس میں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی۔