حسن ابدال: براہمہ انٹر چینج کے قریب مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مسافر بس سوات سے لاہور جارہی تھی کہ پنجاب کے شہر حسن ابدال میں براہمہ انٹر چینج کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 11افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو حسن ابدال، ٹیکسلا واہ کینٹ منتقل کیا جارہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے البتہ ابتدائی تحقیقات سے یہ پتالگا ہے کہ حادثہ سڑک پر پسلن کے باعث پیش آیا۔
یاد رہے کہ 9 جون کو صوبہ بلوچستان میں پسنی کوسٹل ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
کوئٹہ قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ 3 جون کو بلوچستان کے شہر ژوب میں کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹرک اور وین میں آپس میں ٹکرا گئی تھی جس کے باعث تیرہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔