اسلام آباد : توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ اشتہاری ملزم نوازشریف کے ریفرنس میں ظاہر اثاثے ضبط کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نوازشریف کے اثاثوں کی قرقی کا تحریری حکم جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اشتہاری ملزم نوازشریف کےریفرنس میں ظاہر اثاثے ضبط کیے جائیں اور چیئر مین ایس ای سی پی، ڈپٹی کمشنر لاہور، شیخوہ پورہ، راولپنڈی ، ایبٹ آباد کو عمل کی ہدایت کردی ہے۔
تحریری حکم میں ای ٹی او لاہور، اسلام آباد کو گاڑیاں ، بنک اکاؤنٹس قرق کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا جائیدادوں ،گاڑیوں ، اکاؤنٹس قرق کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے ، احتساب عدالت نے عملدرآمد رپورٹ 13اکتوبر تک پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکم نامے میں کہا ہے کہ نواز شریف کے مختلف بینکس میں 3 غیرملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس قرقی میں شامل ہیں جبکہ نواز شریف کے محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں 4 لاکھ 67 ہزار حصص اور اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48ہزار 606 حصص قرق ہوں گے۔
مزید پڑھیں : نواز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات منظرعام پر آگئی
تحریری حکم میں کیا گیا حدیبیہ پیپر ملزمیں نواز شریف3لاکھ43 ہزار شیئرز اور حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں نوازشریف کے 22 ہزار شیئرزہیں جبکہ ان کے 5 بینک اکاؤنٹس میں6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں، غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور موضع مانک میں 936 کنال ،موضع بڈوکسانی میں 299 کنال ملکیت ہے،نواز شریف اور زیر کفالت افراد کےنام لاہور،شیخو پورہ ، مری اورایبٹ آباد میں جائیدادیں ہیں جبکہ مری میں بنگلہ، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور پر جائیداد شامل ہیں۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف اور زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سےزائد زرعی اراضی شامل ہیں جبکہ وہ ایک لینڈ کروزر، 2 مرسڈیز گاڑیوں سمیت 2 ٹریکٹرز کے مالک ہیں۔