site
stats
پاکستان

” احتساب سب کا “ کے نام سے جماعت اسلامی ملک گیرتحریک چلائے گی

لاہور : جماعت اسلامی نے ایک اعلٰی سطح کے اجلاس میں ملک بھر میں ” احتساب سب کا “ کے نام سے تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لیے کارکنان اورعوام کو منظم اور متحرک کرنے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔

یہ فیصلہ آج منصورہ میں لیاقت بلوچ کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطحی کے اجلاس میں کیا گیا جس کے تحت ” احتساب سب کا“ کے نعرے کے ساتھ ملک گیرعوامی مظاہروں اور احتجاجی پروگراموں کو مرتب کیا گیا اور حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور مرکزی و صوبائی قیادت ” احتساب سب کا “ کے نام سے ہونے والے ملک گیر مظاہروں سے خطاب کریں گی اور ریلیوں کی قیادت بھی کریں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد ثابت ہوگیا ہے کہ نہ صرف موجودہ بلکہ سابقہ حکمرانوں ، بیوروکریسی اور اعلیٰ منصب پر براجمان اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لُوٹتے رہے اور بیرون ملک بینکوں میں منتقل کرتے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کو احتساب سے کوئی خطرہ نہیں ہے بلکہ جمہوریت کے استحکام کے لیے بے لاگ اور کڑا احتساب ضروری ہوگیا ہے جسے بھانپتے ہوئے وزیراعظم اور ان کے حواری احتساب سے بچنے اور خود کو معصوم ثابت کرنے کے لیے قوم کو مارشل لاءاور آمریت سے ڈرا رہے ہیں۔

خیال رہے کچھ عرصے قبل جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغا کیا تھا اور اس حوالےسے شہر شہر اجتماعات اور ریلیاں منعقد کی گئی تھیں جب کہ پاناما کیس میں بھی جماعت اسلامی نے فریق بن کر اپنا کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

Print Friendly, PDF & Email
20

Comments

comments

اس ویب سائیٹ پر موجود تمام تحریری مواد کے جملہ حقوق@2018 اے آروائی نیوز کے نام محفوظ ہیں

To Top