شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں زیادتی کیس کے ملزمان پولیس حراست سے فرار ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شیخوپورہ میں کومل مسیح ریپ کیس کے ملزمان پولیس حراست سے فرار ہوگئے، ڈی پی او کے حکم پر پانچ اہلکاروں کو معطل کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق 28 دسمبر کو ملزموں نے آسیہ کومل نامی لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جس کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے 14 روز قبل ڈی این اے میچ ہونے پر تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا، تینوں ملزم سگے بھائی اور سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔
پولیس حکام کے مطابق آج پولیس برآمدگی کے سلسلے میں پرویز اور جنید دو بھائیوں کو جائے وقوعہ سے واپس لارہی تھی کہ ایشر کے قریب ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا اور فائرنگ کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو چھڑا کر فرار ہوگئے۔
ڈی پی او شیخوپورہ غلام مبشر نے سب انسپکٹر سمیت پانچ اہلکاروں کو معطل کردیا، اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔