تازہ ترین

کراچی رینج کے 7 ڈی ایس پیز کے خلاف تحقیقات کا حکم

کراچی: آئی جی سندھ نے کراچی رینج کے 7 ڈی ایس پیز کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے ان افسران کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے کراچی رینج کے 7 ڈی ایس پیز کے خلاف شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد انہوں نے مذکورہ افسران کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ افسران کے خلاف کرپشن سمیت دیگر سنگین جرائم کی شکایات ہیں۔ تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ایسٹ سلطان علی خواجہ کو تحقیقاتی افسر مقرر کردیا گیا جس کا حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔

مذکورہ افسران میں ڈی ایس پی نیئر الحق، قمر الزمان، غلام نبی واگھو، اختر لطیف مغل، رستم نواز، زاہد حسین اور منیر احمد ارسانی شامل ہیں۔

ڈی ایس پیز درخشاں، کلاکوٹ رسالہ، گارڈن، بغدادی کھارادر اور کیماڑی ڈویژن میں ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔ آئی جی سندھ کی جانب سے ڈی آئی جی ایسٹ کو 15 روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سمیت سندھ پولیس کے بھی 10 افسران کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

اے ڈی خواجہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی جانے والی رپورٹ کےمطابق سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر افسران محکمہ پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں، پلاٹوں پر قبضوں اور اسمگلنگ کے غیر قانونی دھندوں میں ملوث رہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments