بدھ, جون 10, 2026
اشتہار

خیام سرحدی:‌ ٹی وی ڈراموں کا ایک مقبول نام

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان ٹیلی ویژن کو قیامِ پاکستان کے بعد نئے فن کاروں نے اپنے لیے ایک اکیڈمی پایا جس میں انھیں کئی باکمال اور منجھے ہوئے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا اور ان سے بہت کچھ سیکھا۔ اگر ٹی وی کے ان بڑے فن کاروں کی بات کی جائے، تو ایک لمبی فہرست ہے، جنھوں نے شہرت کی بلندیوں‌ کو چھوا۔ خیام سرحدی بھی انہی میں سے ایک ہیں جنھوں نے اپنی منفرد اداکاری سے نہ صرف ناظرین کو محظوظ کیا بلکہ نئے فن کاروں کو بھی ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

خیام سرحدی نے ٹی وی کے علاوہ فلم، ریڈیو اور اسٹیج پر بھی کام کیا اور خاص طور پر ٹی وی ڈراموں میں اپنے کرداروں کی وجہ سے ہر دلعزیز اور منجھے ہوئے فن کار مشہور ہوئے۔ وہ اپنے کردار کو اس خوب صورتی سے نبھاتے تھے کہ ان کا نام لوگوں کے دلوں میں گھر کرتا چلا گیا۔ آج خیام سرحدی کی برسی ہے۔

خیام سرحدی کا ایک نہایت معتبر حوالہ یہ بھی ہے کہ وہ پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور مصنّف و ہدایت کار ضیاء سرحدی کے صاحبزادے تھے۔ ان کے نانا بھی فنِ موسیقی کے ماہر اور مشہور موسیقار تھے جنھیں رفیق غزنوی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ ضیا سرحدی کو تقسیم ہند سے قبل اور بعد میں پاکستانی فلمی صنعت میں بھی ان کے نظریے اور فن کی بدولت بے مثال شہرت اور پہچان ملی تھی وہ بطور کہانی نگار، شاعر اور ڈائریکٹر آج بھی یاد کیے جاتے ہیں۔

خیام سرحدی نے 1948ء میں ممبئی میں آنکھ کھولی جہاں ان کے والد فلمی دنیا میں مصروف تھے۔ بعد میں وہ کراچی آ گئے۔ کچھ عرصہ کراچی میں قیام کرنے کے بعد خیام سرحدی کا خاندان لاہور چلا گیا۔ خیام سرحدی چھوٹی عمر میں ہی شوبز سے وابستہ ہوگئے۔ ابتدائی تعلیمی مراحل طے کرتے ہوئے خیام صاحب نے امریکا سے سینماٹو گرافی میں ماسٹر کیا۔ اس کے بعد پاکستان لوٹے تو یہاں تھیٹر میں بطور اداکار اور ہدایت کار کام کیا۔ بعد میں ٹی وی نشریات کا آغاز ہوا تو وہ ڈراموں میں کردار ادا کرنے لگے۔ چند فلموں میں بھی کام کیا، لیکن ان کی پہچان پی ٹی وی کے ڈرامے ہی ہیں۔

اس زمانہ میں پی ٹی وی پر ڈرامہ سیریلوں اور ڈرامہ سیریز کے ساتھ طویل دورانیے کے کھیلوں کا سلسلہ شروع ہوا تو خیام سرحدی نے بھی یادگار اداکاری کی۔ ان کے مشہور ڈراموں میں ”انوکھا لاڈلا، غلام گردش، من چلے کا سودا، منزل، مرزا اینڈ سنز، پرندہ، سورج کے ساتھ ساتھ اور وارث‘‘ شامل ہیں۔ اصغر ندیم سید کی تحریر کردہ ڈرامہ سیریل ”غلام گردش‘‘ میں ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا۔ بانو قدسیہ کے طویل دورانیے کا کھیل ”فٹ پاتھ کی گھاس‘‘ ایک عدیم النظیر ڈرامہ تھا جسے محمد نثار حسین نے ڈائریکٹ کیا تھا جو بہت باکمال ڈائریکٹر تھے۔ ان کے کئی ڈراموں کو کلاسک کا درجہ حاصل ہے۔ خیام سرحدی کا اس ڈرامے میں کردار بہت پسند کیا گیا جس کی وجہ ان کے مکالمہ کی ادائیگی کا انداز تھا۔ خیام سرحدی کی آواز اور ان کا دھیمے انداز میں مکالمہ ادا کرنا لوگوں کو بہت پسند تھا۔ وہ اپنے کردار کی ڈیمانڈ کے مطابق چہرے کے تاثرات سے اپنا مافی الضمیر بیان کرتے اور اپنے دل کی بات ناظرین پر کھول دیتے تھے جو ان کا کمال تھا۔ خیام سرحدی کو کئی اعزازات سے نوازا گیا جن میں سرکاری ٹی وی کا نیشنل ایوارڈ، نگار ایوارڈ اور دوسرے ایوارڈ شامل ہیں۔1991ء میں انھیں تمغائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا تھا۔ خیام سرحدی نے دو شادیاں کیں۔ ان کی پہلی بیوی عطیہ شرف تھیں، جو خود ٹی وی اور فلم کی آرٹسٹ تھیں۔ یہ شادی ختم ہوئی تو خیام سرحدی نے دوسری شادی اداکارہ صاعقہ سے کی، جو کام یاب ثابت ہوئی۔

3 فروری 2011ء کو خیام سرحدی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں