سابقہ اداکارہ جیا علی نے اپنی شادی سے متعلق ایک دلچسپ اور انوکھی کہانی سنادی ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر انہوں نے اپنے شوہر کو رشتہ لانے سے روکنے کی بھی کوشش کی تھی۔
حالیہ انٹرویو میں جیا علی نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر عمران ادریس کو شادی سے پہلے چھ سال سے جانتی تھیں، دونوں کی دوستی اس وقت شروع ہوئی جب جیا نے ہانگ کانگ میں ایک پروگرام کے سلسلے میں عمران سے رابطہ کیا، اگرچہ وہ پروگرام نہ ہو سکا، لیکن ان دونوں کا رابطہ برقرار رہا۔
اداکارہ جیا نے بتایا کہ وہ اس وقت بہت متاثر ہوئیں جب عمران نے فیس بک پر پاکستان سے محبت کے بارے میں ایک جذباتی پیغام بھیجا، پچھلے چھ سے سات برسوں میں ان کا رابطہ نہ ہونے کے برابر تھا، صرف کبھی کبھار ہانگ کانگ سے متعلق پیغامات کا تبادلہ ہوتا۔
اداکارہ نے کہا کہ کچھ برس قبل میرا دوبارہ عمران سے ایک برانڈ پروجیکٹ کے حوالے سے رابطہ ہوا، اس وقت عمران کے گھر والے ان پر شادی کے لیے زور دے رہے تھے۔ عمران نے جیا کو پروپوز کیا اور اگلے ہی دن لاہور سے کراچی رشتہ لے کر پہنچ گئے۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ دیکھ کرمیں نے انہیں روکنے کی کوشش کی، میں نے عمران کو اپنی پرانی ماڈلنگ کی تصویریں بھیجیں تاکہ وہ پیچھے ہٹ جائیں۔ میرا خیال تھا کہ ان کی عمر اور بیرون ملک رہائش کی وجہ سے شادی مشکل ہو گی، لیکن عمران نے ہمت نہ ہاری اور رشتہ لے کر آ گئے۔
جیا نے مزید بتایا کہ پروپوزل سے کچھ دن قبل عمران نے اچانک مجھے "بہن” کہنا چھوڑ دیا تھا، جس سے مجھے اندازہ ہو گیا کہ کچھ بدلنے والا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ایک محنتی اور متوسط طبقے کے شریکِ حیات کی خواہش رکھتی تھیں، اور اللہ نے انہیں ایسا ہی ساتھی عطا کیا۔
واضح رہے کہ 2021 میں، 48 سال کی عمر میں جیا علی نے پاکستانی نژاد ہانگ کانگ کے بزنس مین اور کرکٹ کوچ عمران ادریس سے شادی کی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


