پاکستان ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ سبینا فاروق نے ہونٹوں کی سرجری (لِپ فلرز) سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تمام افواہوں کی سخت تردید کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے سبینا فاروق نے اپنی حالیہ ویڈیوز پر صارفین کی جانب سے کی جانے والی تنقید اور ہونٹوں کی سرجری سے متعلق تبصروں کا جواب دیا۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے کسی قسم کا لِپ فلر ٹریٹمنٹ نہیں کروایا، کیونکہ وہ سوئیوں کے شدید خوف کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے ایسے کاسمیٹک پروسیجرز سے دور رہتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں سوئیوں سے اس قدر خوف آتا ہے کہ اگر وہ کبھی بیمار ہو جائیں یا کوئی انفیکشن ہو جائے تو ان کے لیے ایک عام انجیکشن لگوانا بھی انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔
منوج باجپائی کی نئی کرائم تھرلر فلم ’غضب رات‘ کا ٹریلر جاری، ریلیز کی تاریخ بھی سامنے آگئی
زیبائش اور حسن میں اضافے کے لیے کاسمیٹک طریقۂ علاج پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص اپنی ظاہری شکل و صورت میں بہتری لانے کے لیے سرجری یا پروسیجر کرواتا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں۔ ہر فرد کو یہ پورا حق حاصل ہے کہ وہ اپنی شخصیت کے بارے میں خود فیصلہ کرے اور جس چیز میں بہتر محسوس کرے وہ اپنائے۔
سبینا فاروق نے مزید انکشاف کیا کہ اگر وہ کسی دن اپنے سوئیوں کے خوف پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئیں تو شاید اپنے چہرے میں ایک یا دو معمولی تبدیلیاں کروانے پر غور کریں۔
تاہم اداکارہ کا ماننا ہے کہ ایسے علاج میں حد سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔ ضرورت سے زیادہ تبدیلیاں انسان کے قدرتی خد و خال اور اصلی خوبصورتی کو متاثر کر سکتی ہیں۔


