پاکستانی فلمی صنعت کی معروف اداکارہ سلونی 15 اکتوبر 2010ء کو یہ دنیا چھوڑ گئی تھیں۔ آج ماضی کی اس اداکارہ کی برسی ہے۔
1943ء میں راولپنڈی میں پیدا ہونے والی اداکارہ نے فلم نگری میں خود کو سلونی کے نام سے متعارف کروایا۔ انھیں مشہور فلم ساز فضل احمد کریم فضلی نے اپنی فلم میں سائڈ رول کے لیے منتخب کیا تھا، لیکن اس فلم کی ریلیز سے قبل 1964ء میں اداکارہ سلونی کی ایک اور فلم ’’غدار‘‘ سنیما کے پردے پر سج گئی اور یوں یہی فلم اس اداکارہ کا شائقین سے پہلا تعارف ثابت ہوئی۔
سلونی نے اپنے فلمی کیریئر میں 67 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں 36 اردو اور 31 فلمیں تھیں۔ اداکارہ کی مقبول فلموں میں کھوٹا پیسا، عادل، باغی سردار، حاتم طائی، درندہ، چن مکھناں، دل دا جانی، لٹ دا مال، بالم، چھین لے آزادی سرفہرست ہیں۔
جون 1970ء میں اداکارہ سلونی نے فلم ساز اور ہدایت کار باری ملک کے عشق میں ناکام ہونے پر دل برداشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش کی تھی لیکن ڈاکٹروں نے انھیں موت کے منہ میں جانے سے بچالیا تھا۔ اس واقعے کے بعد باری ملک نے سلونی سے شادی کرلی اور اس جوڑی نے تقریباً 25 برس متحدہ عرب امارات میں گزارے جہاں باری ملک کاروبار کررہے تھے۔
فلم انڈسٹری کی سلونی نے کراچی میں اپنی زندگی کا سفر تمام کیا۔