اسلام آباد (26 نومبر 2025): ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا، آسان ترقیاتی قرض کی رقم آبی ذخائر کی بہتری کیلیے استعمال ہوگی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ رقم سے بلوچستان میں آبی ذخائر بہتر کرنے میں مدد ملے گی، یہ بلوچستان واٹر ریسورس ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کیلیے مختص کی گئی ہے، اس سے ضلع ژوب میں سیری توئی ڈیم کی فنڈنگ کی قلت دور ہو سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک، گرین کلائمٹ فنڈ اور پاکستان
اعلامیے میں بتایا گیا کہ رقم سے ضلع ژوب کے سری توئی ڈیم کی گنجائش بہتر بنائی جا سکے گی، ڈیم کی گنجائش بہتر بنانے سے سیلاب کے خدشات کم ہو سکیں گے، ڈیم سے آبی ذخائر بہتر بنانے اور پانی کا مؤثر استعمال ممکن ہوگا۔
اس میں مزید بتایا گیا کہ صوبے میں خشک سالی کے خدشات کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اگست میں سیلاب متاثرین کیلیے 3 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا تھا۔ بینک کے صدر ماساٹوکانڈا نے سیلاب سے ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جانی نقصان پر تعزیت کی تھی۔
اے ڈی بی نے اعلامیے میں کہا تھا کہ ایشیا پیسفک ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ سے 3ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائے گی جو کہ حکومت پاکستان کی جانب سے درخواست پر دی جا رہی ہے۔
صدر ایشیائی ترقیاتی بینک ماساٹوکانڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان تباہ کن سیلاب کاسامنا کر رہا ہے، سیلاب نے خاندانوں اور برادریوں کو بے گھر کر دیا، اے ڈی بی بحران کے دوران پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔


