اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں قتل کے مقدمے میں قید مجرم محمد عرفان نے بانی پی ٹی آئی کو دی جانے والی سہولیات دینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں اڈیالہ جیل میں قید قتل کیس کے مجرم محمد عرفان کی بانی پی ٹی آئی کو ملنے والی سہولیات خود لینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس محمد اعظم خان نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران مجرم محمد عرفان کی جانب سے وکیل نوید ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
وکیل نوید ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کو قتل کے مقدمے (302) میں 25 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، تاہم متعدد درخواستوں کے باوجود سپریڈنٹ اڈیالہ جیل نے سپیریئر کلاس کی سہولیات فراہم نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں اعلیٰ درجے کی سہولیات میسر ہیں، جن میں بہتر رہائش، کھانا اور ملاقاتوں کی اجازت شامل ہے، جب کہ میرے مؤکل کو ایسی سہولیات نہیں دی جا رہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت حکم دے کہ ان کے مؤکل کو بھی وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جو بانی پی ٹی آئی کو حاصل ہیں۔
عدالت نے وکیل درخواست گزار کے ابتدائی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سپریڈنٹ اڈیالہ جیل، چیف کمشنر اسلام آباد اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔


