کراچی : ترجمان عادل ہاوٴس نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف چھاپا مار ٹیم کا سربراہ خود قاتل نکلا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان عادل ہاوٴس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف چھاپا مار ٹیم کا سربراہ خود قاتل اور ہائی کورٹ سے مفرور ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ فیضان کریم خود قتل کیس میں پولیس کو مطلوب ہے اور ضمانت رد ہونے پر فیضان کریم سندھ ہائی کورٹ سے بھاگ گیا تھا۔
ترجمان عادل ہاوٴس نے بتایا کہ فیضان کریم نے حلیم عادل شیخ پر جھوٹے مقدمے بنائے گھر چھاپے مارے اور ہائی کورٹ کا گھیراوٴ کیا تھا۔
عادل ہاوٴس کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ ایس ایچ او فیضان کریم کے خلاف دو روز قبل گلشن معمار تھانے پر قتل کا مقدمہ درج ہوا، جس دن حلیم عادل شیخ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اس دن یہ ایس ایچ او خود ایک ملزم تھا اور جس تھانے گلشن معمار پر حلیم عادل شیخ کے خلاف ایف آئی آر کٹی اسی تھانے میں یہ قتل کا ملزم تھا۔
ترجمان کے مطابق کرمنل گینگ کے سربراہ ایس ایس پی حسن مرتضیٰ کے کہنے پر جرائم پیشہ پولیس اہلکاروں نے حلیم عادل شیخ کی رہائشگاہ پر چھاپے مارے۔
عادل ہاوٴس نے بتایا کہ دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ کی توہین کرنے والا فیضان کریم آج خود ضمانت رد ہونے پر ہائی کورٹ سے فرار ہوگیا ہے، انکروچمنٹ سیل دراصل پیپلزپارٹی مافیا کا انکروچمنٹ اور کرمنل سیل ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مفرور فیضان کریم کی سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر ناصر شاہ سمیت دیگر پی پی رہنماوٴں کے ساتھ تصاویر موجود ہیں۔