معروف اداکار اور ٹی وی ہوسٹ عدنان صدیقی نے ریئلٹی شو ‘تماشا’ کے سیزن 6 کو مزید ’ دھماکے دار‘ بنانے کا اشارہ دیا ہے۔
معروف اداکار اور ٹی وی ہوسٹ عدنان صدیقی نے ریئلٹی شو ‘تماشا’ کے سیزن 5 کے شاندار اختتام کے بعد شو کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے شو کے اگلے سیزن کو مزید بڑا اور دھماکے دار بنانے کا اشارہ بھی دیا ہے۔
شائقین میں "بادشاہ سلامت” کے نام سے مشہور عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر فائنل نائٹ کی چند یادگار تصاویر شیئر کیں۔ ان تصاویر میں شو کا گرینڈ فائنل اسٹیج، تمام مقابلے میں شامل شرکا اور پروڈکشن ٹیم کے اراکین کامیاب سیزن کے اختتام پر جشن مناتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
شو کے اختتام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے لکھا ’تماشا سیزن 5 کا اختتام ایک زبردست دھماکے کے ساتھ ہوا ہے، اور اب جو خاموشی چھا گئی ہے اس کا عادی ہونے میں تھوڑا وقت لگے گا۔‘
View this post on Instagram
‘میرے پاس تم ہو’ کے اداکار نے شو کو کامیاب بنانے والی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا، خاص طور پر سلمان اقبال اور جرجیس سیجا کی کاوشوں کو سراہا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے لکھا ’آپ سب کا بہت شکریہاعتماد کے لیے، بحث و مباحثوں کے لیے اور کسی بھی خیال کا آسان راستہ نہ چننے کے لیے۔ اگلا سیزن اس سے بھی زیادہ بڑا اور دھماکے دار ہونا چاہیے۔‘
واضح رہے کہ پانچ سیزنز کے دوران ‘تماشا’ نے متعدد فنکاروں کو ایک ہی چھت تلے اکٹھا کیا ہے، جہاں ناظرین نے ان کے تعلقات، اختلاف رائے، حکمت عملیوں اور چیلنجز کو دیکھا۔ گزشتہ روز، 10 اکتوبر کو عدنان صدیقی نے بابرک شاہ کو تماشا سیزن 5 کا فاتح قرار دیا تھا۔


