پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں انجلینا جولی کے ساتھ شوٹنگ کے دوران ان سے بُرا برتاؤ کیا گیا تھا۔
ماضی میں ہالی وڈ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے عدنان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں فلم کی شوٹنگ کے دوران بھارت میں گزارے دنوں کے حوالے سے گفتگو کی۔ اداکار نے بتایا کہ پڑوسی ملک میں ہوٹل عملے کا رویہ ٹھیک نہیں تھا۔
وہ ہالی وڈ اسٹار انجلینا جولی کے ساتھ فلم کی شوٹنگ کیلئے بھارت گئے تھے، ہوٹل والوں شروع میں انھیں بہتر سہولت فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
کئی معروف ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے عدنان صدیقی کے مطابق انھیں شروع میں بھارت میں اچھا ہوٹل نہیں دیا گیا اور نہ ہی وہ مہمان اداکار کی فہرست میں موجود تھے۔
پاکستانی اداکار نے بتایا کہ جب انھوں نے ان چیزوں کا مشاہدہ کیا تو ہوٹل حکام سے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انھیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، دوسری صورت میں وہ اس ہوٹل میں نہیں ٹھہریں گے۔
عدنان کی جانب سے احتجاج کے بعد ہوٹل والوں کے ہوش ٹھکانے آئے اور انھوں نے پاکستانی اداکار کو بھی دیگر فنکاروں کی طرح سہولیات فراہم کیں اور اسی ہوٹل میں ٹھہرایا جہاں دیگر اداکار بھی موجود تھے۔