امریکا میں ایک جوڑے کو پولیس نے لے پالک بیٹے کی دیکھ بھال میں غلفت برتنے پر گرفتار کرلیا، لڑکے کی عمر 16 سال تھی لیکن تشدد اور نامناسب خوراک کی وجہ سے وہ 11 سال کے بچے کی طرح دکھائی دیتا تھا۔
امریکی ریاست آئیوا میں 48 سالہ ماں جینیفر ریان اور اس کا شوہر پولیس کی حراست میں ہے، جوڑے نے کئی سال قبل لڑکے کو گود لیا تھا اور اب اس کی عمر 16 برس تھی۔
تاہم لڑکے کے ساتھ نہایت انسانیت سوز رویہ رکھا گیا تھا۔ اسے بیڈ کے ساتھ باندھ کر رکھا جاتا جبکہ وہ مہینوں تک ناکافی خوراک پر گزارا کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق لڑکے کے لے پالک والدین نے اس کے کمرے میں ایک الارم لگا رکھا تھا جو اس وقت بج اٹھتا تھا جب لڑکا کمرے سے نکلنے کی کوشش کرتا۔
لڑکے کو عموماً ایک دن پرانا بچا ہوا کھانا دیا جاتا جبکہ اگر کبھی لڑکا کھانا چوری کرتے ہوئے پکڑا جاتا تو بطور سزا اسے کھانے پینے سے بالکل محروم کردیا جاتا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق لڑکے کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا، اس کے جسم پر مختلف زخموں کے بے شمار نشانات تھے۔
لڑکے کا وزن اس کی عمر کے حساب سے بے حد کم تھا، پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ وہ لڑکے کی جسامت سے اسے 10، 11 سال کا بچہ سمجھتے تھے۔ لڑکا کسی معذوری کا بھی شکار تھا جو پولیس نے پبلک نہیں کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکا طویل عرصے سے اپنے پاؤں سے چھوٹا جوتا استعمال کرنے پر مجبور تھا جس کی وجہ سے اس کے ایک پاؤں کی ہڈیوں میں نقص پیدا ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق لڑکے کی اصل ماں نشے کا شکار تھی جس کی وجہ سے اس سے اس کے بیٹے اور دو بیٹیوں کی ملکیت لے لی گئی تھی، بیٹیاں ان کی نانی نے گود لے لی تھیں لیکن بیٹے کو اس خاندان نے گود لیا تھا۔
فی الحال لڑکا اسپتال میں زیر علاج ہے جس کے بعد اسے فلاحی ادارے منتقل کردیا جائے گا۔