کراچی : جج کی جانب سے وکیل کے خلاف مقدمہ درج کرانے پروکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی ۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری سندھ ہائی کورٹ کے باہر تعینات کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے وکلاء نے سلیمان نعیم عباسی ایڈووکیٹ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونے کے خلاف سندھ بار کونسل کی اپیل پر دوسرے دن بھی ہڑتال کردی۔
سٹی کورٹ میں مقدمات کی سماعت نہ ہونے سے سائیلین کو مشکلات کا سامنا رہا۔ کراچی بار سے وکلاکی احتجاجی ریلی سندھ ہائی کورٹ روانہ ہوئی۔
وکلاء نے دہشت گردی بند کرو، ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے کے نعرے لگائے۔ وکلاء کی ریلی کے باعث پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری سندھ ہائی کورٹ کے باہر مو جود تھی اور واٹر کینن بھی طلب کرلی گئی ۔
سندھ ہائی کورٹ بار نے بھی اظہار یکجہتی کے طور پرعدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ۔ وکلاءکے وفد نےچیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ملاقات کی اور عدالتی امور معطل کرنے کی درخواست کی۔